ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کمٹہ میں تمل ناڈو کے دو  چورگرفتار : لاکھوں مالیت کے زیورات سمیت نقد رقم بھی ضبط

کمٹہ میں تمل ناڈو کے دو  چورگرفتار : لاکھوں مالیت کے زیورات سمیت نقد رقم بھی ضبط

Tue, 07 Jan 2020 19:53:52    S.O. News Service

کمٹہ:7؍ جنوری (ایس اؤ نیوز)کمٹہ سمیت بنگلورو کے پاس پڑوس علاقوں کے گھروں میں چوری کی وارداتوں کو انجام دینے والے د و ملزمان کو کمٹہ پولس نے پیر کو گرفتار کرتےہوئے چوری کردہ اشیاء کو ضبط کرلیاہے۔

گرفتار شدہ ملزمان کی شناخت تمل ناڈو ،ہوسور کے مکین جی گوپی اور ڈیوڈ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔اور ایک ملزم  گوپی کا بھائی راجو فرار بتایا گیا ہے۔ کمٹہ کی ہیگڈے کراس کے سامنے سے گزرنے والی قومی شاہراہ 66سے متصل گجانن ایریا کے گھر سے حال ہی میں 9.81 لاکھ روپئے مالیت کے زیورات چوری ہوئے تھے۔ معاملے کی جانچ کے لئے بھٹکل کے اے ایس پی نکھیل کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

فورڈ کار میں سفرکرنے کے دوران پیش آئی گرفتاری : معاملے کو لےکر  ضلع ایس پی شیو پرکاش دیوارج نے بتایا کہ ’ پیر کی صبح کمٹہ کے گبس سرکل پر فورڈ کارڈ مشتبہ طورپر گھوم رہی تھی ، گشت کرنے والی پولس نے کار کو روک کر جانچ کی تو اس میں لوہے کی سلاخیں سمیت کئی قسم کےہتھیار برآمد ہوئے ۔ پولس نے ہتھیاروں کو ضبط کرلینے کے بعد پوچھ تاچھ کی تو پتہ چلا کہ ملزمان کے خلاف مختلف شہروں میں کئی مقدمات درج ہیں۔

راجو کے خلاف بنگلورو نواحی علاقے میں 26،گوپی کے خلاف 11اور ڈیوڈ کے خلاف 6مقدمے درج ہیں۔ ملزمان سے کمٹہ میں چوری کئے گئے زیورات سمیت  نقد رقم بھی ضبط کرلی گئی ہے۔ انکولہ کے کرشنا کمار گنپتی نائک کے گھر سے چوری ہوئے 18ہزارروپئے نقد بھی ملے ہیں۔ چوری کے لئے استعمال کی گئی کار بھی ضبط کرلی گئی ہے۔

پولس اہلکاروں کی تعیناتی : اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع کے ایس پی شیو پرکاش دیوراج نے عوام الناس سے درخواست کی کہ شہر کے نواحی علاقوں میں رہنےو الے  افراد کو کہیں باہر جانا ہو تو پہللے مقامی بیٹ پولس یا پولس تھانے کو اطلا ع دیں تاکہ ایسے گھروں کی نگرانی میں آسانی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے لئے کمٹہ میں 18پولس بیٹ کی شروعات کی گئی ہے۔ شہر میں جرائم کی روک تھام کے لئے صبح 5بجے سے 11بجے تک اور شام 5سے 7بجے تک مختلف جگہوں پر پولس عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔ پولس ٹیم میں سی پی آئی پرمیشور گنگا، پی ایس آئی آنند مورتی ، پولس اہلکار ماروتی گالی پوجی، دیانند نائک، سنتوش بالیر، کرشنا این جے ، بسوراج جاڈر، ہچپا چاوڑی ، سریندر مگدما ، ہالپا باگی وغیرہ شامل تھے۔


Share: